کاروار 13 / ستمبر (ایس او نیوز) ریاستی حق اطلاعات اور سوشیل ایکٹیویسٹ فورم کے ضلع صدر شنکر نائک نے کاروار ڈسٹرکٹ پریس کلب میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام لگایا کہ بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر اور تحصیلدار دفتر میں گزشتہ دس برسوں سے بعض ملازمین کا تبادلہ نہیں ہوا ہے اور اسی وجہ سے یہاں بدعنوانی کا بازار گرم ہے ۔
شنکر نائک نے بتایا کہ اے سی اور تحصیلدار دفتر میں 15 سے زیادہ ایسے ملازمین ہیں جو گزشتہ دس برس سے ایک ہی مقام پر تعینات ہیں اور ان کا تبادلہ نہیں کیا گیا ۔ اس کے بارے میں الیکشن کمیشن کے افسران اور ضلع انچارج وزیر کو میمورنڈم دینے کا کوئی فائدہ نہیں ہوا ۔ بس ان دو دفتروں میں ہی ان لوگوں کا تبادلہ اِس دفتر سے اُس دفتر میں کرتے ہوئے خانہ پری کی جاتی ہے ۔ اس کا نتیجہ یہ ہوا ہے کہ ان دفاتر میں ایجنٹوں کا کاروبار بڑھ گیا ہے ۔ افسران پیسے کی خاطر ان ایجنٹوں کا کام پہلے کرتے ہیں ۔ اس طرح کی غیر قانونی روش کے خلاف شکایتیں کرنے کے بعد بھی کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ۔ ایسا لگتا ہے کہ سرکاری طور پر ہی ان افسران کے لئے کرپشن کا راستہ کھلا رکھا گیا ہے ۔
شنکر نے بتایا کہ اس مسئلے پر کارروائی اور ایسے عملے کا تبادلہ کرنے کی مانگ کے ساتھ انہوں نے 20 ستمبر کی مہلت دیتے ہوئے کہا کہ اگر اس مدت تک کاروائی نہیں ہوئی تو بھٹکل میں ایڈمنسٹریٹیو ودھان سودھا کے سامنے دن اور رات احتجاجی دھرنا دیا جائے گا جو ملازمین کا تبادلہ ہونے تک جاری رہے گا ۔
اس موقع پر فورم کے جنرل سیکریٹری ناگیش نائک اور بھٹکل تعلقہ صدر ناگیندرا نائک موجود تھے ۔